راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج رائے محمد ایوب خان مارتھ نے بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت معاملہ بدستور ہائی کورٹ میں زیرالتوا ہونے کی وجہ سے بغیر کسی کارروائی کے تین اکتوبر تک ملتوی کر دی، وکیل صفائی ملک جواد خالد نے استغاثہ کے آخری گواہ انسپکٹر الیاس کو شہادت کیلئے دوبارہ طلب کئے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا لیکن تاحال ان کی درخواست پر فیصلہ نہیں ہوپایا ۔دریں اثناءسابق صدرآصف علی زرداری کیخلاف دائر کرپشن ریفرنس کی سماعت گزشتہ روز بھی بغیر کسی کارروائی کے تین اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی،نیب نےسابق صدرکیخلاف بلاول ہائوس کراچی سمیت اربوں روپے کے غیرقانونی اثاثہ جات بنانے پر 2001میں ریفرنس نمبر 14ا حتساب عدالت راولپنڈی میں دائر کیا تھا،گزشتہ روز بھی جب احتساب عدالت کے جج خالد محمود رانجھا نے کیس کی سماعت شروع کی تو بتایا گیا کہ آصف زرداری کے وکیل سابق چیئرمین سینٹ فاروق ایچ نائیک دستیاب نہیں ہیں جس پر عدالت نے سماعت بغیر کسی کارر وا ئی کے تین اکتوبر تک ملتوی کر دی۔