• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان ائیرپورٹ سے کروڑوںکاسونا،کرنسی دبئی سمگل کرنیکی کوشش،2خواتین گرفتار

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کی خواتین اہلکار نے ملتان سے6کروڑ46لاکھ مالیت کا14کلوسونا اور خطیرغیرملکی کرنسی دبئی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دوخواتین کوگرفتار کرلیا۔ کسٹم کلکٹریٹ ملتان نےاے ایس ایف  کاکریڈٹ اپنےکھاتے ڈال لیاجبکہ تحقیقات میں کسٹم سپرنٹنڈنٹ اور کسٹم کا لیڈیز سٹاف موقع پر غیرحاضر پایا گیا۔تفصیل کےمطابق گزشتہ سے پیوستہ رات 3 بجکر 40 منٹ پر ملتان سے دبئی جانے والی فلائٹ میں2خواتین نے 6 کروڑ 46 لاکھ روپے مالیت کا 14 کلو گرام سونا، 37 ہزار ریال اور ایک ہزار یو اے ای درہم سمگل کرنےکی کوشش کی۔ کسٹم کائونٹر سے کلیئر ہو جانے کے بعد ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کی خواتین نے دوران چیکنگ خواتین سمگلرز کو سونا سے لدا ہوا پایااورحکام کو صورتحال سے آگاہ کیاجبکہ کسٹم حکام کو بھی آگاہ کیا اور یہ بھی بتایا کہ کسٹم سپرنٹنڈنٹ اور لیڈیز سٹاف موقع پرسرے سے موجود ہی نہیں تھا اور کسٹم عملےنے خواتین کو مبینہ طور پر کلیئر کر کے ویٹنگ لائونچ روانہ کر دیا تھا جہاں سےایک خاتون جہاز میں سوار بھی ہو گئی تھی ۔کسٹم حکام کےنوٹس میں معاملہ آنےپر ان خواتین کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے۔ دریں اثناء کلکٹر کسٹم ملتان سرفراز وڑائچ نے دوران پریس کانفرنس ساراکریڈٹ کسٹم ٹیم کو دے دیا اور اے ایس ایف کی جن خواتین نے لیڈی سمگلرز کو پکڑا تھا انکا ذکر تک نہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایک لیڈی سمگلر سمیرا آصف کا تعلق ملتان پاک گیٹ اور دوسری لیڈی سمگلر حلیمہ ریاض کا تعلق لاہور سے ہے اور اس سے پہلے بھی یہ دبئی جا چکی ہیں، لیڈی سمگلر نے 24 قیراط سونا کے 42 کڑے اور پازیب پہن کر 14کلو گرام سونا سمگل کرنے کی کوشش کی، دوران تفتیش خواتین نے انکشاف کیا کہ ان کے خاوند جیولر ہیں اور ایک خاتون کے بہنوئی نے دبئی جانے کے انتظامات مکمل کئے اور ٹکٹ لے کر دیئے۔آن لائن کےمطابق ڈپٹی کلکٹرکسٹم معید کانجوکا کہنا ہے کہ خواتین سمگلرزنے 14 کلوسونا ہاتھوں اورپاؤں میں کنگن بنواکرپہن رکھا تھا۔کسٹم حکام نے خواتین کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کردی جبکہ انکے خلاف ایف آئی آئی آردرج کرلی گئی ہے۔ماڈل کسٹم کلکٹریٹ ملتان نے گرفتار خواتین حلیمہ ریاض اور سمیرا آصف کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تازہ ترین