وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے نے بھارت کی نیندیں حرام کر دیں، جب سے منصوبہ شروع ہوا بھارتی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ واویلا کر رہے ہیں ۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک 8ارب ڈالرریلوے کی اپ گر یڈیشن ہو گی،گوادر ایئر پورٹ ایکسپریس وے اور گوادر میں بجلی منصوبوں کا سنگ بنیاد اسی سال رکھا جا رہا ہے ۔
ان کا کہناتھاکہ بھارتی ایجنٹ کے پکڑے جانے کے بعد سی پیک کو روکنے کیلئے بلوچستان میں بھارتی تخریب کاری کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے مزید کہا کہ جب سے سی پیک شروع ہوا بھارت کی نیندیں حرام ہو گئیں، بھارتی وزیر اعظم، وزیر خارجہ سبھی واویلا کر رہے ہیں۔
ان کا کہناتھاکہ منصوبے سے ٹرینوں کی رفتار ڈبل ہو جائے گی، جدید رفتار کی ٹرینیں چل سکیں گی پانچ سے چھ سالوں میں بنے گا، کراچی میں 16ارب روپے کا زیر تعمیر گرین لائن منصوبہ آئندہ سال مکمل کرینگے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک منصوبے پر اے این پی کے تحفظات دور کرینگے، سی پیک منصوبے کیلئے سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کے حوالے سےوزیر اعظم کی سربراہی میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس جلد ہو گا۔