راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈیپارٹمنٹ پنجاب (پی این ڈی)نے رنگ روڈ(بائی پاس) راولپنڈی کا پی سی ٹو طلب کرلیا ہے۔جس کیلئے ٹرانزیکشنل ایڈوائزر ہائر کیا جارہا ہے۔جو منصوبہ کے تکنیکی،مالی اور دیگر امور کے حوالے سے رپورٹ تیار کرے گا۔سڑک کی الائنمنٹ بھی ایڈوائزر کی رپورٹ کے بعد فائنل کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پی ین ڈی کے سپیشل سیل برائے پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ نے رنگ روڈ کے بھجوائے گئے ابتدائی خاکے کو قابل عمل قرار دیتے ہوئے پی سی ٹو طلب کیا ہے۔ایڈوائزر کیلئے اخبار اشتہار کےذریعے کمپنیوں سے اظہار دلچسپی طلب کئے گئے ہیں۔ایڈوائزر کی ہائرنگ اور تفصیلی رپورٹ کے بعد لاگت اور روٹ کا حتمی تعین ہوگا۔واضح رہے کہ راولپنڈی میں رنگ روڈنہ ہونے کی وجہ سے پنجاب،آزادکشمیر اور کے پی کے سے آنے والی ہیوی ٹریفک راولپنڈی کے اندرونی علاقوں سے گزر کر دوسرے شہروں کو جاتی ہے جس سے سکیورٹی خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، اور شہری سڑکوں کا بھی نقصان ہورہا ہے۔رنگ روڈ یا بائی پاس کی تعمیر سے نقل و حرکت میں آسانی کے ساتھ ساتھ شہری سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ میں بھی کمی ہوگی۔