سیالکوٹ (نمائندہ جنگ) ضلع سیالکوٹ میں عشرہ محرم الحرام کے دوران 331ذوالجناح ، علم و تعزیہ کے قدیمی اورروائتی جلوسوں کے علاوہ 1257مجالس عزاکا انعقاد کیا جائے گا ا س سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے محرم پلان2016ءکے مطابق انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔یہ بات ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے محرم الحرام میں انتظامی اورسیکورٹی پلان کے حوالے سے ایک اجلاس سے دوران خطاب میں کیا۔ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خاں نے اپنے خطاب میں کہاکہ عشرہ محرم کے دوران اے۔ کیٹیگری کے 40جلوس اور 69مجالس کو سیکورٹی کے حوالے سے انتہائی حساس جبکہ بی ۔ کیٹیگری 100جلوسوں اور158مجالس کو حساس قرار دیا گیا جن کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جلوسوں کے روٹس پر ملحقہ راستوں کو خار دار تاریں لگا کر بند کیاجائے گا جبکہ ٹریفک کا متبادل پلان تشکیل دیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کیلئے ضلعی پولیس کے جوانوں کے علاوہ پی کیو آر اور تنظیم شہری دفاع کے رضا کار ڈیوٹیاں انجام دیں گے ۔