• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی پولیس نے محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس نے محرم الحرام کے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی  ۔ محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں میں مجالس اور عزاداروں کے جلوسوں کوتحفظ فراہم کرنے کے لیے راولپنڈی پولیس نے خصوصی حفاظتی اقدامات کیے ہیں ۔ راولپنڈی ضلع میں یکم سے 10محرم الحرام تک 316جلوس اور 1766مجالس منعقد کی جاتی ہیں جن میں کیٹیگری "اے"کے 41، "بی "کے63اور کیٹیگری"سی" کے212جلوس شامل ہیں جبکہ کیٹیگری"اے "کی 209مجالس، "بی"کی 355اور کیٹیگری "سی "کی 1202مجالس منعقد کی جاتی ہیں۔ جن میں46جلوس لائسنسی ہیں اور270روایتی جلوس ہیں۔ یکم محرم الحرام تا30محرم الحرام تک کل 447جلوس نکالے جائیں گے جبکہ1916مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔راولپنڈی ضلع میں 07محرم اور10محرم کو بڑے جلوس نکالے جاتے ہیں ، 7محرم کو 6ہزار کے قریب افسران و ملازمین  جبکہ 10محرم کو 7ہزار کے قریب افسران و ملازمین  ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ ضلعی پولیس کے علاوہ سپیشل برانچ پولیس ، ایلیٹ فورس ، اسپ سوار ،پنجاب کانسٹیبلری کی اضافی نفری ،  پی کیوآر، لیڈی پولیس اور رینجر ز بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ جلوس کے راستوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ کسی بھی شخص کو چھت پر جانے کی اجازت نہ ہو گی ۔ چھتوں پرمسلح پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ جلوس میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی۔ امام بارگاہوں کے ارد گرد پارکنگ کی اجاز ت نہ ہو گی ۔اور واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے۔ 7محرم الحرام اور 10محرم الحرام کو جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس کو دیں ۔
تازہ ترین