• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔ میرے بیٹے نے انڈسٹریل انجینئرنگ کی ڈگری یو ای ٹی لاہور سے پاس کی ہے برائے کرم مجھے بتائیں کہ اس کو کہیں ملازمت کرنی چاہیئے یاپھر اپنی تعلیم جاری رکھے؟ (حماد اعظم۔لاہور)
ج۔ اس سوال کے جواب کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کا بیٹا مزید تعلیم پاکستان سے حاصل کرنا چاہتا ہے یا بیرون ملک سے۔ اگر وہ بیرون ملک جانا چاہتا ہے تو میں اسے مشورہ دوں گا کہ وہ مینو فیکچرنگ مینجمنٹ یا ٹیکنالوجی مینجمنٹ میں ایم ایس سی کرے جس سے نہ صرف اس کی موجودہ ڈگری کی اہمیت بڑھ جائے گی بلکہ اس کیلئے مزید بہتر مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔
س۔ سر میں نے بی ایس سی(آنرز)الیکٹرونکس میں لاہور سے 2013میں کیا اور اب میں مارکیٹنگ کے شعبے میں ملازمت کر رہی ہوں۔یہ شعبہ میری تعلیم سے بالکل مختلف ہے اور بد قسمتی سے اس شعبے میں خواتین بہتر طریقے سے کام نہیں کر سکتیں۔ میں اپنی تعلیم پھر سے شروع کرنا چاہتی ہوں اور ساتھ ساتھ میں اپنی ملازمت بھی جاری رکھوں گی،آپ سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی کریں کہ میرے لئے بہتر فیلڈ کون سی ہے؟ (صبا قمر۔لاہور)
ج۔ میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ موجودہ ڈگری کے ساتھ ماسٹر مینجمنٹ میں کریں اور آپ ٹیکنالوجی مینجمنٹ یا انڈسٹریل مینجمنٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتی ہیں۔اس سے آپ کا کیریئرمینجمنٹ ایریا کی طرف شروع ہو گا۔
س۔ سر میں ماس کمیونیکیشن کا طالبعلم ہوں اور تعلیم کے انتخاب میں آپ سے رہنمائی چاہتا ہوں،کیا مجھے صحافت(جرنلزم) اردو یا انگلش میں کرنا چاہیئے؟ برائے کرم مجھے بتائیں کے میرے کیریئر کے لئے بہتر کیاہے؟ (بلاول ورِک۔اوکاڑہ)
ج۔ اگر آپ صحافت(جرنلزم)کرنے کا سوچ رہے ہیں اورلوکل یا انٹر نیشنل میڈیا میں اپنا نام اور لوہا منوانا چاہتے ہیں تو آپ کو انگلش میں لکھنے اور پڑھنے میں اچھی مہارت اور سمجھ ہونی چاہئے ۔
س۔ سر میں نے پنجاب یونیوسٹی لاہور میں زراعت کے شعبے میں داخلہ لیا ہے۔ میرے والدین چاہتے ہیں کہ میں اسی شعبے میں اپنی تعلیم جاری رکھوں جبکہ میرا رجحان مائیکرو بائیولوجی میں زیادہ ہے او ر اسی فیلڈ میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔برائے کرام میری رہنمائی فرمائیں؟(مسعود احسن۔لاہور)
ج۔ مائیکرو بائیولوجی اور سیلولر بائیولوجی دونوں کی بہت زیادہ مانگ ہے اور کیرئیر کو چار چاندلگانے میں موثر اور فائدہ مند ہے۔زراعت کا شعبہ آپ کے لئے فائدہ مند نہیں ہے جبکہ شعبہ ِمائیکروبائیولوجی میں آپ ریسرچ تجزیہ کارکی حیثیت سے کام کر سکتے ہیں اور اس میں آگے بڑھنے کے بھی بہتر مواقع ہیں۔
س۔ سر میں فارم ڈی کا طالبعلم ہوں میں اپنا کیریئر بہتر بنانے کے لئے فارم ڈی کے بعد سی ایس ایس کروں یا مجھے اپنی فیلڈ کا تجربہ حاصل کرنے کے لئے کام کرنا چاہئے؟(محمد شعیب۔پشاور)
ج۔ میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ فارمیسی میں ہی اپنا کیر یئر بنائیں فارمیسی کرنے کے بعد مجھے لگتا ہے کہ آپ مارکیٹنگ میں ڈپلومہ کریں،جس سے یقیناً آپ کو ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔
س۔ ایجوکیشن کونسلنگ کے حوالے سے مجھے آپ کی رہنمائی چاہئے۔ میں نے بی ایس سی آئی۔ٹی کیا ہے اورآئی ٹی کے شعبے میں نیٹ ورک سپورٹ انجینئر کی حیثیت سے کام کررہا ہوں،میں آگے ماسٹرز کرنا چاہتا ہوں تاکہ آئی ٹی کے شعبے میں آگے بڑھ سکوں۔آپ سے گزارش ہے کہ مجھے بتائیں کہ مجھے کونسی اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا چاہئے جس سے مجھے اپنا کیریئر آگے بڑھانے کے مواقع مل سکیں۔(حمزہ اعوان۔ڈیرہ غازی خان)
ج۔ اگر آپ ماسٹرز میں جانا چاہتے ہیں تو میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ Networks MSc Distributed یا ایم ایس سی کمپیوٹرنیٹ ورکس میں کریں اور خصوصاََ بیرون ملک میں سے کسی یونیورسٹی سے کریں لیکن اگر بیرون ممالک آپ مالی حالات کی وجہ سے نہیں جا سکتے تو آپ پاکستان کی یونیورسٹی سے یہ ڈگری کر سکتے ہیں۔
تازہ ترین