گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ) تھانہ ماڈل ٹائون پولیس کی جانب سے بے بنیاد مقدمہ کے بعد گرفتاری اور پولیس تشدد کیخلاف فنکاروں کا احتجاج۔ ماڈل ٹائون پولیس کے اہلکاروں نے مقامی تھیٹر پر چھاپہ مار کر اسٹیج ڈائریکٹر نعیم احمد ‘ اداکاروں زاہد علی ‘ امجد رانا ‘ فیصل جان ‘ امجد فاروقی ‘ میک اپ مین محمد اصغر ‘ بکنگ کلرک ننھا ‘ پروڈیوسر دانی مغل ‘ اداکارہ شعاع علی اور اس کی والدہ کو گرفتار کر لیا اور ان کیخلاف سائونڈ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کر دیا۔ فنکاروں نے بتایا کہ پولیس نے ان کیساتھ انتہائی ہتک آمیز رویہ اپناتے ہوئے روایتی تشدد کا نشانہ بنایا۔ خاتون اداکارہ کے ساتھ بھی بدتمیزی کی گئی جبکہ تھیٹر مینجر شرافت علی کیخلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔ فنکاروں نے بتایا کہ ڈرامہ کی اجازت تھی مگر پولیس نے بلاجواز گرفتار کر کے تشدد کیا اور مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ فنکاروں نے کہا کہ وہ اس پولیس گردی کیخلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرینگے۔