ملتان(صباح نیوز)گیس کے بحران کی وجہ سے سی این جی کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے، ملتان ریجن کے137کے قریب سی این جی سٹیشن بند ہوگئے ہیں۔ملتان ریجن کے 220میں سے صرف 83سی این جی سٹیشن کھلے ہیں،جن کی بندش بھی شروع ہوگئی ہے ،جس کے باعث اس کاروبار سے وابستہ ہزاروں افراد کا روزگار متاثر ہوگیا ہے ۔سی این جی سٹیشنز کے مالکان کا کہنا ہے کہ بیجا ٹیکس کے باعث 83کھلےسٹیشن بھی بند ہونا شروع ہوگئے ہیں ،سی این جی سیکٹر کے بحران کوایل این جی کی فراہمی سے بھی ختم نہیں کیا جاسکا ہے۔ان کا مزید کہناتھاکہ گیس بحران کی وجہ سےسی این جی سے وابستہ افراد کاکاروبارٹھپ ہوگیا ہے، ایل این جی کی فراہمی بھی آدھا دن کی جارہی ہے۔ملتان ریجن میں ڈی جی خان،لیہ،مظفرگڑھ ،خانیوال،وہاڑی اورلودھراں شامل ہیں،ایک سی این جی سے 50 افراد براہ راست جبکہ ڈیڑھ سے 2 سو افراد بلاواسطہ وابستہ تھے،بند ہونے والے 137سی این جی سٹیشنز کے باعث تقریبا 27ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں ۔