راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن و نارکاٹکس کنٹرول راولپنڈی رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ کے رعایتی عرصہ میں پنجاب بھرکے دیگر ریجن کے مقابلے میں سب سے زیادہ ساڑھے 48کروڑ روپے پراپرٹی ٹیکس کی وصولیاں کر کے پہلے نمبر پر رہا جو گذشتہ مالی سال کے اس عرصہ سے 15کروڑ روپے زیادہ ہیں، رواں مالی سال کیلئے ضلع راولپنڈی کا پراپرٹی ٹیکس کی وصولیوں کا ہدف سوا ارب روپے رکھا گیا تھا ، ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن و نارکاٹکس کنٹرول تنویر عباس گوندل نے جنگ کو بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن کا پراپرٹی ٹیکس کا مجموعی ہدف ایک ارب 58کروڑ روپے کا تھا جبکہ مجموعی طور پورے ڈویژن میں پراپرٹی ٹیکس کی مد میں63کروڑ روپے کی وصولیاں کی گئیں ، جہلم ایکسائز آفس نے 5کروڑ 50لاکھ ، چکوال نے 4کروڑ 71لاکھ روپے ، اٹک نے 4کروڑ 86لاکھ روپے پراپرٹی ٹیکس وصول کیا ، انہوں نے بتایا کہ عملہ نے اس بار محنت کی ، یہی وجہ ہے کہ ضلع راولپنڈی میں ہم پورے پنجاب میں سب سے زیادہ ریکوری کرنے میں کامیاب رہے ، انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ 30جون سے قبل ہی دیا جانے والا ریکوریوں کا ہدف پورا کر لیں ۔