اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری کو ایوان میں پارلیمنٹ اجلاس کے دوران ٹریکٹر ٹرالی کہنے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف درخواست مسترد کر دی ۔ عدالت نے کہا ہے کہ عدلیہ پارلیمانی امور میں مداخلت کرنے کی مجاز نہیں۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ نے شیریں مزاری کی درخواست کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے سماعت کی تاہم ان کے وکیل عدالت کو قانونی نقاط پر قائل نہ کر سکے جس پر فاضل عدالت نے درخواست مسترد کر دی۔ دوران سماعت سائلہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ اسپیکرقومی اسمبلی کو دی گئی درخواست پر کچھ نہیں ہوا ، یہ معاملہ ہتک عزت کا ہے ، خواجہ آصف نے خاتون رکن قومی اسمبلی کی ذات پرحملہ کیا اور معافی بھی نہیں مانگی، خاتون کی تضحیک ہونے پر وزیر اعظم کو مداخلت کرنا چاہئے تھی، کل کوئی دوسرا شخص بھی وزیراعظم کے گھر کی خواتین کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ درخواست میں وزیر قانون ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، سپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور کو فریق بنایا گیا تھا۔