لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پارلیمنٹ مشترکہ طور پر کشمیر کی آزادی کاروڈ میپ دے ۔ بیس کروڑ پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم آزادی کی منزل کے حصول تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم اور جبر کی انتہا کر دی ہے ، اس وقت مقبوضہ کشمیر کے اندر شدید بحران ہے، جس کا فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی طرف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے 68سالو ںمیں پانچ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ۔ لاکھوں کشمیریوں کو گرفتار کر کے ٹارچر کیا ، 23ہزار سے زائد خواتین کی بے حرمتی کی ، بچوں کو شہید کیا ، سکولوں کو آگ لگائی ، ان تمام مظالم کے باوجود کشمیری آزادی اور پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔ پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں کشمیر کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر اتفاق کرتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مسلم لیگ ن سے سیاسی اختلاف ہو سکتا ہے اور ہے لیکن کشمیر کی آزادی کے لیے ہم حکومت کے ساتھ ہیں ۔ حکومت مشاورت سے کشمیر پالیسی بنائے جس کو آئینی تحفظ حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں کشمیریوں کا سفیراور ترجمان بن کر اپنا کردار ادا کرو ں گا ۔