جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیر کی تحریک آزادی روکنے کے لیے دہشت گردی کر رہا ہے۔
آزاد کشمیر کےعلاقے پلندری میں آزادیٔ کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ بھارت کے کشمیر کو اٹوٹ انگ کے مؤقف کو نہ دنیا مانتی ہے نہ کشمیری نہ ہم، صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ برہان وانی کی شہادت نے جدوجہد آزادی کونیا جذبہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کےحل کے لیے پاکستان کی قوم اور پارلیمنٹ ایک ہے، پوری پا کستانی قوم کشمیریوں کے پشت پر کھڑی ہے، اقوام عالم کشمیریوں کو حق دینے کے معاملے پر متفق ہیں، بھارتی وزیرخارجہ کا اقوام متحدہ کی قرار داد کےخلاف تقریر کرنے پر احتساب ہونا چاہیے۔
صدر آزاد کشمیر مسعود احمد خان نے کہا کہ اگر کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہوتا تو مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کئی دہائیوں سے جاری نہیں ہوتی۔
کانفرنس سے آزادکشمیر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں اور سابق وزیراعظم، صدور اور اراکین اسمبلی نے بھی خطاب کیا۔