کراچی (اسٹاف رپورٹر) پہلی نوشاد امداد ڈیولپمنٹ سیریز رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ جمعرات سےباتھ آئی لینڈ کلب میں شروع ہوگئی۔جس میں 100 سے زائد کھلاڑی شریک ہیں۔ ایونٹ کا افتتاح صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کیا۔ابراہیم التفات مینز سنگلز، ہانیہ نوید لیڈیز سنگلز ،نورمصطفی انڈر 16 میں ٹاپ سیڈ ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار محمد بخش مہر نے اعلان کیا کہ سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر سندھ ٹینس لیگ صوبے میں شروع کی جائے گی اس حوالے سے ایس ٹی اے کو سندھ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔محمد خالد رحمانی سیکریٹری پاکستان ٹینس ایسوسی ایشن نے ان کے اسپانسر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ میں کئی جونئیر کھلاڑی قومی سرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں ۔اگر ان کی حکومتی سطح پر مناسب سرپرستی کی جائے تو وہ ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں ۔