• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سینئرز اور جونیئر ہاکی ٹیموں کی سیریز کا پہلا میچ آج ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہفتے کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ میچز اتوار اور پیر کو بھی ہونگے، دونوں ٹیموں کے نیشنل ہاکی ا سٹیڈیم اور جوہر ٹائون ہاکی ا سٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کیمپ جاری ہیں ۔ سینئر ٹیم کے کیمپ کی نگرانی ہیڈکوچ خواجہ جنید اور جونیئر ہاکی ٹیم کی کوچنگ طاہر زمان کر رہے ہیں جبکہ دونوں ٹیمیں ہی ملائشیاء میں مستقبل میں ہونے والے ایونٹس میں شرکت کرینگی۔ قومی سینئر ٹیم ملائشیا میں 20 سے 30 اکتوبر کو ہونے والی چوتھی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ جونیئر ٹیم جوہر بارو میں 31 اکتوبر سے 6 نومبر تک ہونے والے سلطان آف جوہر کپ میں شرکت کرے گی۔ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ اس سیریز سے نئے کھلاڑیوں کو تجربے کار کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ ملے گا۔ غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ مقابلے کا موقع نہیں مل رہا ہے اس لئے باہمی مقابلوں سے ہمیں اپنے نئے کھلاڑیوں کو تیار کرنے میں مدد ملے گی، قومی سینئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے درمیان سیریز سے پاکستان میں تماشائیوں کو میدان تک لانے میں مدد ملے گی۔پاکستان میں عالمی ہاکی مقابلوں کے نہ ہونے سے تماشائی بھی کھلاڑیوں کی طرح مایوسی کا شکار ہیں  اس قسم کے مقابلے ہاکی کے رجحان کو ابھارنے میں  اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
تازہ ترین