راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں میں زیرسماعت بینظیر بھٹو قتل کیس سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت وکلاء کی ہڑتال کے باعث بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی، بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت معاملہ ہائی کورٹ میں ہونے کی وجہ سے بغیر کسی کارروائی کے14 اکتوبر، سول ہسپتال جنڈ کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنانے اور توڑ پھوڑ سمیت دہشت گردی کے الزام میں ملوث ملزمان نصرت بی بی وغیرہ، تھانہ روات کے علاقہ فضائیہ کالونی سے تاوان کی خاطر بچے کو اغوا کرنے کے الزام میں گرفتار نسیم شاہ اور اس کی اہلیہ کے کیس کی سماعت چودہ اکتوبر، بارودی مواد برآمد ہونے کے الزام میں گرفتار ملزمان عبدالرحمان اور محمد الیاس کے کیس کی سماعت 25اکتوبر، تھانہ آر اے بازار کے علاقہ میں اے ٹی ایم لوٹنے کے الزام میں گرفتار ملزم وسیم آفتاب کے کیس کی سماعت پندرہ اکتوبر اور تھانہ مری میں درج تبرکات کو نذر آتش کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم صفدر علی کو عدالت پیش کئے جانے کے بعد سماعت بغیر کسی کارروائی کے اٹھارہ اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔