ٹوکیو ( جنگ نیوز) آسٹریلیا کے نک کرگیوس نے ڈیوڈ گوفن کو ہرا کر جاپان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ٹینس کے بیڈ بوائے نے فائنل میں تیزرفتار سروس کی بدولت بیلجیئن حریف کو زیر کیا۔ کرگیوس کی جیت کا اسکور 4-6 ، 6-3 اور 7-5 رہا۔ اس دوران انہوں نے 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سروس اور مجموعی طور پر 25 ایسز لگائے۔ فتح کے بعد عالمی نمبر 15 پلیئر نے کہا کہ میچ کے دوران سروس نے مجھے مشکلات سے نکالا، حریف نے بلاشبہ عمدہ کارکردگی پیش کی اور بارہا مجھے محسوس ہوا جیسے کے کورٹ کا سائز چھوٹا ہے، لیکن خوش ہوں کہ فتح میرا مقدر بنی۔ دوسری جانب گوفن نے بھی اعتراف کیا کہ سروس ہی میچ کے دوران دونوں پلیئرز میں بنیادی فرق تھی۔