• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام پلیئرز کی اہلیت جانچ لی، قومی ہاکی ٹیم کا اعلان جلد کردیا جائے گا، چیف سلیکٹر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالرشید جونیئر نے کہا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے ، ٹیم کا اعلان کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اچھے کھلاڑی اس سیریز سے ملے ہیں، ہم بہتر پرفارمنس پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔سینئر ٹیم کو 20 اکتوبر سے ایشین ہاکی چمپئن شپ جبکہ  جونیئر ٹیم کو 31 اکتوبر سے  ملائیشیا میں ہونے والےجوہر کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں حصہ لینا ہے۔سلیکشن کمیٹی کے سربراہ رشید جونیئر کے مطابق بیرون ملک کھیلنے والے تین کھلاڑیوں کو بھی زیر غور لایا گیا ۔  دریں اثناءقومی سینئر ہاکی ٹیم نے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے خلاف تین میچوں کی سیر یز 2-0سے جیت لی، پیر کو کھیلے گئے آخری میچ میں قومی سینئر ہاکی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی، فاتح ٹیم  کے دونوں گول ارسلان قادر نےکئے، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں جونیئر ٹیم نے کپتان محمد دلبر کے گول کی مدد سے ساتویں منٹ میں برتری حاصل کر لی، پہلے کوارٹر میں جونیئر کھلاڑیوں نے حریف کو بہت زیادہ دبائو میں رکھا،تاہم دوسرے کوراٹر میں سینئر کھلاڑیوں نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مخالف کے گول پر کئی حملے کئے، میچ میں سنیئر ٹیم نے چھ پنالٹی کارنر حاصل کئے، سیریز کا پہلا میچ برابر رہا تھا دوسرے میں جونیئر ٹیم کو ناکامی اٹھانا پڑی تھی، قومی جونیئر ٹیم کےہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کی پر فار منس سے خوش ہیں جنہوں نے سنیئر اور تجربے کار کھلاڑیوں کے خلاف دونوں ناکام میچوں میں بڑے مارجن سے شکست نہیں کھائی، انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کواس سیریز سے بہت فائدہ ہوا ہے جو جونیئر ورلڈ کپ میں اہم ثابت ہوگا، دوسری جانب قومی سنیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنیدنے کہا کہ اس سیریز سے دونوں ٹیموں کو اپنی خامیوں کو دور کرنے میں مدد ملی،ان میچوں کو قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان نے بھی دیکھا۔
تازہ ترین