پشاور ( نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ کرک آئل ریفائنری، ہری پور میں سیمنٹ پلانٹ، چترال میں مجموعی طور پر 506میگا واٹ کے پن بجلی کے تین منصوبوں، پشاور ماڈل ہائوسنگ سکیم اور 80ہزار کنال پر مشتمل موٹر وے ہائوسنگ کے منصوبوں پر کام جلد شروع کرنے والے ہیں، انہوں نے محکمہ صنعت، معدنیات انرجی اور ازمک کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں ایف ڈبلیو او کے ساتھ ملکر معاہدے کو حتمی شکل دی جائے، انہوں نے سیکرٹری صنعت فرح حامد کو اس مقصد کیلئے کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ مذکورہ منصوبوں کے عملی نفاذ کیلئے پیچیدگیوں سے بالاتر اور قابل عمل طریق کار وضع کیا جائے،وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سہ فریقی معاہدے سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔صوبائی وزراء محمد عاطف خان، انیسہ زیب طاہر خیلی، معاون خصو صی برائے صنعت عبدالکریم و متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں، ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن، چیئرمین ازمک غلام دستگیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صنعت، معدنیات اور ہائوسنگ کے شعبے میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی معاونت سے عنقریب شروع کئے جانے والے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے مجوزہ منصوبوں پر بلا تاخیر کام شروع کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے قانون اور قاعدے کے مطابق طریقہ کاروضع کریں تا کہ منصوبوں پر جلد کام شروع ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ لہٰذا تمام تر قانونی پیچیدگیوں سے بلاتر قابل عمل طریق کار بنایا جائے تا کہ فاسٹ ٹریک پر منصوبوں کی تکمیل ممکن ہو سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کی اچھی پیشکش آ رہی ہے جو ایک آسان اور قابل عمل سسٹم کی متقاضی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے صوبے کے مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے۔ صوبے کے وسائل سے استفادہ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ریجن کے اپنے ذرائع، وسائل اور فوائد ہیں۔ ان کی حکومت متعلقہ ریجن کی سطح پر ان ذخائر اور وسائل کی ترقی کا عمل شروع کر رہی ہے۔ یہ علاقے ترقی کریں گے تو وہاں مقامی سطح پر آمدنی شرو ع ہو جائے گی۔ تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے، پرویز خٹک نے کہا کہ ان کی حکومت عوامی فلاح کے کئی منصوبے شروع کر چکی ہے اور متعدد تیار ہیں۔ پشاور ، نوشہرہ، چارسدہ، اور مردان کو آپس میں ملانے والا سرکلر ریلوے منصوبہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے لئے ایک چینی کمپنی نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبہ بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور بہت جلد اس پر کام شروع ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ایک سسٹم بنا دیا ہے اور ترقی کی بنیاد ڈال دی ہے۔ اس خطے میں ترقی کا دور شروع ہو چکا ہے جو پورے ملک کے استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔