• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کا ڈھول بجانے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا ، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی  سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جمہوریت کا ڈھول بجانے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا ،مہنگائی کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کرنے کی بجائے حکمران مہنگائی میں مزید اضافہ کررہے ہیں جس سے غربت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ۔ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن سے بننے والی پالیسیاں قومی مفاد میں نہیں ہوسکتیں۔حکومت وزیر وں اورمشیروں کی خوشحالی کو 20کروڑ عوام کی خوشحالی قرار دے رہی ہے ۔گیس کی قیمتوں میں 36فیصد اضافے سے مہنگائی کا ایک نہ تھمنے والا طوفان آئے گا۔حکومتی ممبران اسمبلی کے علاقوں میں گیس کی سپلائی کیلئے غریب عوام پر 27ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جارہا ہے جو حکمرانوں کی عوام دشمنی کی بدترین مثال ہے ۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت مہنگائی اور کرپشن ختم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ہوشربامہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ،حکومت لوگوں کے سانس لینے پر بھی ٹیکس لگانا چاہتی ہے لیکن اس پر بس نہیں چلتا ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی بجلی اور گیس کے بل اداکرنے کی سکت نہیں رکھتا ۔حکمرانوں نے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کا پاس نہیں کیا ،انتخابات کے موقع پر حکمران ہر جلسے اور مجمع میں مہنگائی ختم کرنے کے نعرے لگاتے رہے مگر ووٹ لینے کے بعد لوگوں کو مہنگائی کی چکی میں پیسنا شروع کردیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں احتساب کا کوئی نظام نہیں اور حکمران چاہتے ہیں کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہ ہو،ملک میں ہونے والی کرپشن اور لوٹ کھسوٹ ختم ہوجائے تو سالانہ چار کھرب تین ارب اور چالیس کروڑ روپے سے زیادہ قومی دولت کی خورد برد روکی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں وسائل کی منصفانہ تقسیم چاہتی ہے اور عوام کو اس جان لیوا مہنگائی اور محرومیوں سے بچانے کیلئے کرپشن کے خلاف جنگ لڑرہی ہے ۔
تازہ ترین