ٹھٹھہ(نامہ نگار) بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بااثر شخص نے ہماری آبا و اجداد کے زمانے کی ہماری 125 ایکڑ زمین پر مسلح افراد کے ذریعہ قبضہ کر لیا ہے گھروں سے خواتین اور بچوں سمیت بیدخل کردیا جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق بابڑا گوٹھ کے رہائشی ملاح برادری کے عبدالغفور ملاح، داتو ملاح و دیگر نے خواتین اور بچوں سمیت پریس کلب کے سامنے زمین پر قبضہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بااثر افراد نے اپنے مسلح افراد کے ہمراہ ہماری 125 ایکڑ زمین پر قبضہ کر لیا ہے ہماری سبزیوں کی تیار فصل اور مچھلی کے فارم سے بھی ہمیں بیدخل کردیا ہے ہمیں رات کی تاریکی میں خواتین اور بچوں سمیت جان سے مارنے کی دھمکی دے کر نکال دیا ہے جبکہ ہماری زمین آبا و اجداد کے زمانے سے ہمارے پاس ہے۔ پولیس بھی بااثر شخص سے ملی ہوئی ہے اور متعدد بار درخواستیں دینے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی اگر فوری طور پر زمین سے قبضہ ختم نہیں کرایا تو ہم خود سوزی کریں گے۔