• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان پاکستان کیساتھ تعلقات کو چین کے تناظر میں نہ دیکھے،احسن اقبال

 ٹوکیو(عرفان صدیقی ،نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی حکومت نے صرف تین سال کے عرصے میں پاکستان کی معیشت کا رخ موڑ کر رکھ دیا ہے ، جو عالمی تنظیمیں اور ادارے ہمیں دیوالیہ قرار دیتے تھے وہی اب پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دورہ جاپان کے موقع پرجمعرات کو ٹوکیو میں ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان ، سئنئر نائب صدر چوہدری عنصر اور نائب صدر ملک یونس  کی جانب سے دیئے گئے عشائیے سے  خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نےعالمی مارکیٹنگ کانفرنس میں اپنے لیکچر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے عالمی میڈیا اور معاشی ریٹنگ ایجنسی کے دیئے گئے ریفرنس کے ذریعے جاپان اور دنیا بھر سے آئے ہوئے دو ہزار کارپوریٹ سیکٹرز کے اہم ارکان کو پاکستان کی معیشت کے حوالے سے بریف کیا تو ہر فرد نے پاکستان کی تیز رفتار معاشی ترقی پرحیرانی کا اظہارکیا۔احسن اقبال نے کہا کہ انھو ں نے جاپانی حکومت سے درخواست کی ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو چین کے تناظر میں نہ دیکھا جائے کیونکہ جاپان کے خود چین کے ساتھ گہرے معاشی تعلقات ہیں جبکہ سیاسی تنازعات کو دونوں ممالک نے علیحدہ رکھا ہے۔احسن اقبال نے عمران خان کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عمران خان أسلام أباد کو بند کرنے کی بات کرکے مودی کے ساتھ یاری نبھانے کی بات کررہے ہیں ، کیونکہ جو بات بھارت کہہ رہا ہے وہی عمران خان کہہ رہے ہیں ، احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے مثالی ترقیاتی کام کرکے اپنے لیے اگلے پانچ سال کی حکومت پکی کرلی ہے یہی بات عمران خان کو کھٹک رہی ہے کیونکہ اگر اگلی دفعہ عمران خان حکومت نہ بنا سکے تو کبھی نہیں بناسکیں گے لہذا وہ حکومت حاصل کرنے کے لیے ہر حد پار کرنے کو تیار نظر آتے ہیں تاہم انھیں ملکی مفادات کا خیال رکھنا چاہیے۔احسن اقبال نے جاپان میں مقیم پاکستانیوں سے کہا کہ وہ جاپان میں اپنے اثر وسوخ میں اضافہ کریں اور اپنے علاقے کے ممبر پارلیمنٹ سے ذاتی رابطہ رکھیں تاکہ پاکستان کے لیے ان کے دل میں نرم گوشہ پیدا کیا جاسکے۔
تازہ ترین