• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرکےپرچوں کی ناقص مارکنگ‘سیکڑوں طلبا کا تعلیمی بورڈ بہاولپور کیخلاف احتجاج

بہاول پور ،رحیم یار خان ،صادق  آباد(سٹی رپورٹر،نامہ نگار) بہاولپور اور رحیم یار خان میں پرچوں کی ناقص مارکنگ پر سیکڑوں طلبا نے تعلیمی بورڈ بہاولپور کیخلاف احتجا ج کیا ،طلبا نے پیپرز کی ری چیکنگ کا مطالبہ کیا ہے ،صوبائی وزیر صنعت و سرمایہ کاری چوہدری  محمدشفیق  نے  طلباء کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہصورتحال بارے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف ا ور صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد کو آگاہ کیاجائیگا،تفصیل کے مطابق بہاولپور میں  فرسٹ ائیر کے سینکڑوں طلباء  نے بہاولپوربورڈ اور پیپرز چیکرز کی نااہلی کیخلاف ڈی سی او چوک میں احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی طلباء کا کہنا تھا کہ ہم ایسے نتائج کو نہیں مانتے بہاول پور تعلیمی بورڈ اور پیپر چیک کرنے والوں کی نااہلی کے باعث ہزاروں طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیپرز کی ری چیکنگ کی جائے ورنہ ہمارا احتجاج جا ری رہے گا اس موقع پر طلباء سے اظہار یک جہتی کے لیے جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے اپنے ساتھیوں سمیت احتجاج میں شرکت کی اِس حوالے سے ترجمان بہاولپور تعلیمی بورڈ نے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تعلیمی بورڈ نے تعلیمی اداروں کے سربراہان کی میٹنگ 17اکتوبربروز پیر بورڈ آفس میں طلب کی ہے جس میں اُن سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔ دریں اثناء کنٹرولر امتحانات بہاولپور تعلیمی بورڈ پروفیسر محمداکرم نے کہا کہ طلباء وطالبات ری چیکنگ کے حوالے سے اپنے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو درخواست دے سکتے ہیں ،رحیم یار خان میں طلبا نے دوسرے روز بھی پی ایس ایف کے زیر اہتمام تعلیمی بورڈز کے خلاف مرغا بن کر احتجاج کیا،علاوہ ازیں صادق آباد  میں طلبا و طالبات کل 17اکتوبر بروز سوموار کو احتجاجی مظاہرہ کر یں گے  ، طلباء اورانکے والدین ظفر اقبال‘ محمد حسین‘ شاہد محمود‘ کامران علی‘ عبدالمجید‘ امانت علی‘ طاہر حسین‘ منظور علی ‘ خادم حسین ‘ محمد عثمان ودیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بہاول پور بورڈ  پر بے ضابطگیوں کا  الزام عائد کیا ہے،دریں اثناصوبائی وزیر صنعت وسرمایہ کاری چوہدری محمد شفیق نے طلباء کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ بہاول پور بورڈ فرسٹ ائیر کے رزلٹ میں بے ضابطگیاں ناقابل برداشت ہیں صورتحال بارے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف ا ور صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد کو آگاہ کیاجائیگا انھوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال تشویشناک ہے جس کا حکومت پنجاب نوٹس لے گی طلباء کیساتھ ہونیوالی زیادتی کا ازالہ کروایاجائیگا اور ذمہ داروں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین