ہانگ کانگ ( جنگ نیوز) سابق عالمی نمبر ایک کیرولین ووزنیاکی نے ہانگ کانگ اوپن ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ یہ ان کے کیریئر کا 25 واں ٹائٹل ہے۔ عالمی نمبر22 ڈنمارک کی ووزنیاکی نے فائنل میں فرانس کی کرسٹینا ملادینووچ کو 6-1، 6-7 (7)، 6-2 سے شکست دی۔ ووزنیاکی نے فائنل میں ملادینووچ کی سروس بریک کی اور نیٹ پر کمال کی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا سیٹ یک طرفہ مقابلے میں جیت لیا۔ دوسرے سیٹ سے پہلے ملادینووچ زخمی ہو گئیں اور انہیں طبی مدد لینی پڑی۔ تاہم کورٹ پر واپسی کرتے ہوئے انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سیٹ کو ٹائی بریک تک لے گئیں، جہاں انہوں نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے میچ اسکور 1-1 سے برابری پر پہنچادیا۔ تیسرے فیصلہ کن سیٹ میں ووزنیاکی نے تین بریک پوائنٹ بچائے اور برتری حاصل کر لی۔ ووزنیاکی کا اس سال یہ دوسرا اعزاز ہے۔ وہ گذشتہ ماہ پین پیسفک اوپن ٹائٹل جیت چکی ہیں۔