سکھر (بیورو رپورٹ) سندھ ہاری کمیٹی ضلع سکھر کی جانب سے اجناس کی کم قیمتیں مقرر کئے جانے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت میر منور تالپور نے کی۔ مظاہرے میں عوامی جمہوری پارٹی کے رہنماؤں حکیم زنگیجو، شاہ محمد انڈھڑ سمیت مختلف سیاسی، سماجی رہنماؤں اورآبادگاروں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث آبادگاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فصلوں کی موجودہ قیمتوں میں آبادگاروں کے اخراجات بھی پورے نہیں ہورہے۔ کھاد، بیج ، ادویات اور بجلی کی آسمان کو چھوتی قیمتوں نے غریب کسانوں کو خودکشی کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ دوسری جانب زرعی فصلوں کی قیمتیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ستر فیصد آبادی کی بنیاد زراعت پر ہے۔ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اگر زرعی پالیسیوں پر نظر ثانی کی جائے اور کسانوں کو ان کے جائز حقوق دیئے جائیں تو سندھ میں خوشحالی آسکتی ہے۔ ریلی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ گنے ، کپاس اور چاول کی قیمتیں بڑھا کر کسانوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔