ٹھٹھہ(نامہ نگار) آمری اسٹاپ کے رہائشی لاسی برادری کے افراد صابر لاسی، حاجی خان، محمد بخش، مسمات زبیدہ، عزیزہ اور زاہدہ لاسی سمیت لاسی برادری کے درجنوں مرد، خواتین اور بچوں نے پریس کلب کے سامنے قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ کچھ دن قبل ایک بااثر شخص نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ان کے گھروں میں داخل ہوکر مردوں، خواتین اور بچوں پر تشدد کیااور بااثر ملزمان نے ان پر جھوٹا مقدمہ درج کرایا ہے اور پولیس ان کے ایک قریبی عزیز ایوب لاسی کو گرفتار کرکے لے گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب ان کے گھروں پر حملہ کیا گیا جبکہ دوسری جانب ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرواکر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان پر درج جھوٹے مقدمات خارج کیے جائیں اور ایوب لاسی کو رہا کرتے ہوئے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔