اسلام آباد ( آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی بروقت تکمیل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ انڈس ہائی وے اور مغربی روٹ پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ ان کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔ پیر کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے پلاننگ کمیشن میں منعقدہ ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی بروقت تکمیل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔اجلاس میں سی پیک کے مختلف منصوبوں بشمول توانائی ، گوادر ، انفرااسٹر کچرسمیت دیگر کی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے ہدایت جاری کی کہ مغربی روٹ کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انڈس ہائی وے اور مغربی روٹ پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ ان کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔ اجلاس کو آگاہ کیاگیا کہ توانائی کے تمام منصوبوں پر کام جاری ہے اور ان کو مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ احسن اقبال نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت جاری کی کہ ٹرانسمشن لائنز پر کام کے لئے وہ این ٹی ڈی سی کے ساتھ مل کر کام کرے۔