کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینئر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر ہاکی لیگ قومی کھیل کو ملک میں دوبارہ زندہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپر ہاکی لیگ کے لئے ہماری تیاری آخری مراحل میں ہے، جونیئر ورلڈ کپ کی وجہ سے اسے اگلے سال اپریل میں منعقد کیا جائے گا، ہماری کوشش ہے کہ یہ ایونٹ ملک میں ہی ہو تاکہ نئے کھلاڑیوں میں جوش و جذبہ پیدا ہو سکے۔انہوں نے کہا پاکستان ہاکی فیڈریشن اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ملک میں ہاکی کا بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے جو بھارت کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے مگر ہمارے کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں میں شرکت کا موقع نہیں مل رہا جب کہ غیرملکی ٹیموں کے نہ آنے سے بھی اس کھیل کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عرفان سینئر کو بدھ تک پاسپورٹ مل گیا تو وہ ملائشیا میں قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے ورنہ ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کو بھیجا جائے گا۔ شہباز سینئر نے کہا کہ ملک میں ایک اعلیٰ معیار کی ہاکی اکیڈمی کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اس اکیڈمی سے جونیئر کھلاڑیوں کو ٹریننگ دینے میں مدد ملے گی۔ بہت زیادہ اکیڈمی کا قیام سودمند ثابت نہیں ہوا، ایک قومی اکیڈمی بنا کر ہم زیادہ بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔