ٹھٹھہ (نامہ نگار) پیپلز پارٹی ٹھٹھہ کے ضلعی رہنماؤں کے اندرونی اختلافات اس وقت سلام شہداء ریلی کے موقع پر کھل کر سامنے آگئے جب ہر ضلعی رہنما نے اپنی الگ الگ ریلی نکالی اور الگ الگ قافلے میں کراچی روانہ ہوئے۔ کراچی سلام شہداء ریلی میں جانیوالوں میں سابق صوبائی وزیر صادق علی میمن رکن صوبائی اسمبلی سیدہ رخسانہ شاہ، پیر رحمانی، سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر واحد سومرو کے علاوہ سنیٹر سسی پلیجو اور ان کے والد چیرمین ضلع کونسل ٹھٹھہ غلام قادر پلیجو شامل ہیں جو الگ الگ گاڑیوں کا قافلہ لیکر کراچی روانہ ہوئے۔ ان میں اختلافات کی خبریں تو پہلے سے ہی گرم تھیں تاہم عملی مظاہرہ سلام شہداء ریلی میں دیکھنے میں آیا۔ ان رہنماؤں میں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر اور جنرل سیکرٹری کے متوقع امیدوار بھی شامل ہیں۔پیپلز پارٹی کی ہائی کمان کو بھی اس کی اطلاع ملنے پر گذشتہ شب اچانک چیئرمین بلاول بھٹو کی پھوپھی اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور مکلی سوسائٹی میں بخاری ہاؤس پہنچی اور ذرائع کے مطابق متعدد رہنماؤں کو فون کیا تاہم اچانک آمد کی وجہ سے اکثریت نے ٹھٹھہ سے باہر ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے معذرت کی اور فریال تالپور ایسے ہی واپس چلی گئیں جبکہ بخاری ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور لاڑکانہ جاتے ہوئے چائے پینے کے لیے رکی تھیں۔