پشاور(جنرل رپورٹر)محکمہ صحت کے حکام نے 2ستمبر کو مردان میں ہونے والے دھماکے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مردان میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے باوجود ہسپتال سے غیرحاضر رہنے پر 3ڈسٹرکٹ سپیشلسٹ سمیت 4خواتین ڈاکٹروں کی تین دن کی تنخواہ کاٹ دی۔اعلامیہ کے مطابق ہسپتال کے ایم ایس کی جانب سے رپورٹ کیا گیا کہ مردان کچہری میں دھماکے کے بعدہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے تمام ڈاکٹروں اور عملے کو حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی تاہم اس روز 3 ڈسٹرکٹ سپیشلسٹ ڈاکٹرز نزہت جہانگیر، ثروت نورین،ہمیرہ صدیقی اور ڈاکٹر بشریٰ حلیمی غیرحاضر رہیں اوراگلے روز 3ستمبر کو ان ڈاکٹروں نے چھٹی کی درخواست دی جس پر متعلقہ آفیسرنے ناپسندیدگی کا اظہار کیا، محکمہ صحت حکام نے ڈاکٹروں کی غیرحاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کی تین دن کی تنخواہ کاٹنے کا حکم دیا ہےاور ان ڈاکٹروں کو آئندہ فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی نہ برتنے کی وارننگ دی۔