• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں 10 برس بعد انٹرکلبز ہاکی ٹورنامنٹ بحال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملک میں دس سال کے طویل وقفے کے بعد قومی انٹر کلبز ہاکی ٹور نامنٹ بحال ہورہا ہے، مقابلے 24 اکتوبر سے 2 دسمبر تک کھیلے جائیں گے، ہاکی فیڈریشن کے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ٹورنامنٹ کیلئے 5کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کرے گی جبکہ دیگر اخراجات متعلقہ اضلاع کے ڈی سی او اسپورٹس فنڈز سے کریں گے۔ ان تفصیلات کا اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈیولمپنٹ اینڈ ڈومیسٹک سابق اولمپئن نوید عالم نے لاہور میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کو ہاکی فار آل کانام دیا گیا ہے، ایونٹ میں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ کلب کے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے، کھلاڑیوں کی اسکروٹنی اور انضباطی ایکشن کے لئے ان کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے ارکان سابق ہاکی اولمپئنز ڈاکٹر عاطف بشیر اور علیم رضا ہیں۔ انٹرڈسٹرکٹ ایونٹ ہر ڈسٹرکٹ میں 24سے31 اکتوبر تک کھیلا جائے گا ، انٹر ریجن مقابلے تین سے دس نومبر تک کھیلے جائیں گے جس میں ہر ڈسٹرکٹ کی دو ٹاپ ٹیمیں بھی حصہ لینگی۔ انہوں نے کہا کہ ریجن کی دو ٹاپ ٹیمیں 14سے21نومبر تک ہونے والے ڈویژن ایونٹ میں حصہ لینگی جس میں ہر ڈویژن کی ٹیم بھی شامل ہوگی۔ فائنل رائونڈ24 نومبر سے2 دسمبر تک لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں پنجاب کی چار، سندھ اور کے پی کے کی تین، تین ، بلوچستان کی دو، اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان، اور آزاد جموں کشمیر کی ایک ایک ٹیمیں حصہ لینگی، پی ایچ ایف کے144  ڈسٹرکٹ،  53ریجن اور8  یونٹس ان مقابلوں میں ایکشن میں ہونگے۔ پی ایچ ایف ورکنگ ماڈل کے تحت مقابلوں کے انعقاد کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ، ریجن، ڈویژن اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنوں کے علاوہ ضلعی اسپورٹس آ فیسر، کمشنر، ڈپٹی کمشنرز کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ نوید عالم نے کہا کہ پی ایچ ایف کی کوشش ہے کہ انٹر ڈسٹرکٹ ایونٹ کی ٹاپ ٹیموں کو غیر ملکی دورہ پر بھیجا جائے گا، جبکہ نئے کھلاڑیوں کو قومی سطح کے ایونٹس میں بھی شامل کیا جائے گا، ان کی ملازمت کے لئے بھی بھر پور کوشش کی جائے گی۔
تازہ ترین