سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے سیالکوٹ کے شہریوں کو صاف پانی فراہمی یقینی بنانے کے لئے صاف پانی کے ٹیوب ویلز کو تین کیٹگری میں تقسیم کردیا ہے۔ تحصیل میونسپل آفیسرسیالکوٹ ظفر قریشی نے اپنے دفتر سیالکوٹ قلعہ میں جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی طرف سے سالڈویسٹ، واٹر سپلائی اور سیوریج کے منصوبوں کے لئے 900کروڑ روپے کا قرضہ دیا جائے گا جسکی واپسی آسان اقساط میں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ شہر کے باسیوںکو صاف پانی کی سپلائی کے لئے موجود96ٹیوب ویلوں کوA,B ,C کیٹگریوں میں تبدیل کیا گیا ہے اور کیٹگری کے تناسب سے ہی ان سے حاصل ہونے والے پانی کا تجزیہ اور ٹیوب ویلوں کی مرمت کے انتظامات کئے جائیں گے جس سے شہریوں کو صاف اور صحتمند پانی کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے گی۔