امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خاتمے اور مضبوط پاکستان کیلئے خواتین کا کردار بہت اہم ہے، پردہ، چادر اور برقع خواتین کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں، نیب کا ادارہ کرپشن روکنے میں ناکام ہوگیا، چھوٹی مچھلیوں کو پکڑتا ہے، ہاتھیوں کو جانے دیتا ہے۔
نوشہرہ کے علاقے اضا خیل میں جاری جماعت اسلامی کے دو روزہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ملک میں کرپشن کا دور دورہ ہے، جس کے خلاف ہم نے مارچ کیا اور اسمبلی میں بل بھی پیش کردیا ہے، جتنی ریکوری کی ہے اس سے زیادہ نیب پر خرچ آیا ہے۔
سراج الحق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دن ضرور آئے گا جب عوام پہرہ نہیں دیں گے اور حکمران خراٹے نہیں بھریں گے، وہ دن ضرور آئے گا جب ہم عوام سے کہیں گے کہ وہ پہرہ نہ دیں، آپ کا صدر، وزیراعظم، وزیراعلیٰ و دیگر پہرہ دیں گے، یہ حکمران تو خراٹے بھر رہے ہیں۔
اس سے قبل اجتماع میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج بھی عورت مظلوم اور وراثت میں حصہ لینے سے محروم ہے، جیلوں میں خواتین کی عصمتیں پولیس کی وجہ سے محفوظ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پردہ، چادر اور برقعہ خواتین کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں، پاکستان میں آج بھی عورت مظلوم ہےعورت وراثت میں حصہ لینے سے محروم ہے،اگر موقع ملا تو بینکوں سے خواتین کو بلاسود قرضے دیں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے اور مضبوط پاکستان کےلئے خواتین کا کردار بہت اہم ہے۔