• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش اور انگلینڈ کا پہلا کرکٹ ٹیسٹ ڈرامائی موڑ پر آگیا

چٹاگانگ ( نیوز ایجنسیز ) بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ اس موڑ پر پہنچ گیا ہے جس کے بارے میں مہمان ٹیم نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا ہوگا۔ انگلش سائیڈ کو ممکنہ شکست کا سامنا ہے۔ لیکن میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر اس نے آٹھ وکٹ لے کر میزبان کے ہوش بھی اڑا رکھے تھے۔ کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے صابر رحمٰن تاریخ رقم کرسکتے ہیں۔ میچ کے نتیجے کی کنجی ان کے ہاتھ میں ہے۔ وہ 59 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں، ان کی ٹیم کو میچ کے آخری روز تاریخی فتح کیلیے مزید 33رنز درکار ہیں۔ میچ میں اسپنرز کا پلہ بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر اس سے قبل آٹھ ٹیسٹ کھیلے گئے ہیں جو تمام انگلینڈ نے جیتے ہیں۔ انگلش ٹیم 293 اور دوسری اننگز میں 240 پر آئوٹ ہوئی، بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 248 رنز بنائے تھے اسے میچ جیتنے کیلیے 78 اوورز میں 286 رنز کا ہدف ملا تھا۔جواب میں ٹائیگرز نے دوسری اننگز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 253رنز بنا لیے۔ انگلش کپتان الیسٹر کک نے وکٹ کی صورت حال دیکھتے ہوئے بولنگ کا آغاز روایتی طور پر فاسٹ بولرز کے بجائے اسپنرز گیراتھ بیٹی اور معین علی سے کرایا جو مجموعی طور پر پانچ وکٹ لےکر کپتان کے اعتماد پر پورا اترے ۔ قبل ازیں چوتھے روز انگلینڈ نے اپنے تیسرے دن کے اسکور 8وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز اننگز کا آغاز کیا لیکن پوری ٹیم 240رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بین اسٹوکس 85 اور بئرسٹو 47رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شکیب الحسن نے 5، تیج اسلام نے 2، مہدی حسن مرزا اور قمرالسلام ربی نے 1،1کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش نے 286رنز ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 253رنز بنا لیے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے صابر رحمان59رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں جبکہ امرالقیس 43، مشفیق الرحیم39 اور مومن الحق 27رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ انگلینڈ کی جانب سے گیرتھ بیٹی 3، معین علی اور اسٹورٹ براڈ نے 2،2 جبکہ عادل رشید نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تازہ ترین