• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای شٹام پیپرکانظام 26اکتوبرسے پورے صوبے میں رائج ہوجائے گا ‘ڈاکٹر عمر سیف

لاہور(وقائع نگار خصوصی )چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ای۔اشٹام پیپر کا نظام 26اکتوبر تک پورے صوبہ میں رائج ہو جائے گا جس کے بعد پنجاب حکومت شفافیت اور ای گورننس کے میدان میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لے گی ۔ گذشتہ روز ارفع ٹاور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اب صرف ساہیوال ڈویژن باقی رہ گیا ہے جہاں رواں ہفتے پی آئی ٹی بی کی ٹیم سارا کام مکمل کر لے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت ابتدائی طور پر ایک ہزار روپے سے زائد مالیت کا نان جوڈیشیل اشٹام پیپر شامل کیا گیا ہے تاہم مستقبل میں دیگر مالیت کے اشٹام پیپر بھی شامل کر دیے جائیں گے۔انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ اب ایک ہزار سے زائد مالیت کا عام اشٹام پیپر قابل استعمال نہیں رہے گا اور صرف پنجاب بینک سے ملنے والا ای۔ اشٹام پیپر ہی جائز تصور کیا جائے گا۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پنجاب بینک کی تمام شاخوں میں ای۔اشٹام پیپر کے لئے الگ کاؤنٹر قائم ہو چکے ہیں جہاں عوام کو مکمل راہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوںنے بتایا کہ 26مئی کو ای اشٹام پیپر کا آغاز گوجرانوالہ سے ہوا تھا اور پانچ ماہ میں پنجاب کے 33اضلاع اب تک1لاکھ80ہزار سے زائد اشٹام پیپر جاری ہو چکے ہیں جن سے حکومتی خزانے میں ساڑھے چار ارب روپے سے زائد وصولی ہو چکی ہے اس طرح ٹیکس چوری کا دروازہ بھی بند ہو گیا ہے۔دریں اثنا ءمنصوبے کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف نے کہا کہ ڈاکٹر عمر سیف کی راہنمائی میں یہ بہت بڑا منصوبہ صرف پانچ ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت و راہنمائی کے لئے ای۔اشٹام پیپر کی ہیلپ لائن 0800-08100بھی کام کر رہی ہے جس پر مفت کال کی جا سکتی ہے۔
تازہ ترین