شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)شیخوپورہ میں رکشہ ڈرائیوروں نے اپنے مطالبات کے حق میں پولیس آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ، رکشہ ڈرائیوروں نے کہا کہ عزیز بھٹی روڈ لندن کی تمام بڑی سڑکوں سے زیادہ کشادہ ہے مگر 60فیصد سڑک پر ناجائز تجاوزات ہیںں ان کو ختم کیا جائے موٹر سائیکل رکشوں کے داخلہ پر پابندی سے شہریوں کیلئے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں بالخصوص سلیم کوٹ، ہاؤسنگ کالونی اور اس سے ملحقہ درجنوں آبادیوں سے آنیوالی خواتین اب سیدھا شہر آنے کی بجائے پرانا قلعہ روڈ سے جناح پارک میں داخل ہوسکیں گی، یہاں سے خواتین پیدل چل کر مین بازار اور اسے ملحقہ بازاروں اور مارکیٹوں کو رخ کرسکیں گی ، اسی طرح نبی پورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں سے آنیوالی خواتین اور دیگر شہری ریلوے پھاٹک لائن سے ملحقہ روڈ سے ہوتے ہوئے بلدیہ چوک پہنچیں گے اور پھر یہاں سے وہ جناح پارک اور اس سے ملحقہ بازاروں کا پیدل رخ کریں گے اس صورت حال میں خواتین اور دیگر شہریو ں کو خریدو فروخت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لاہور سرگودھا روڈ اور اندرون شہر رکشوں کے داخلہ پر پابندی کے فیصلہ کو فی الفور واپس لیں کیونکہ اس سے ایک طرف خریداری کرنیوالی خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے تو دوسری طرف مین بازار میں واقع گرلز سکولوں میں آنیوالی طالبات کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ضلعی انتظامیہ ٹی ایم اے کی مدد سے ان رکشاؤں کیلئے باقائدہ اڈے منظور کرے جہاں ترتیب کیساتھ رکشوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے ، نبی پورہ کی طرف سے آنے والے لوگوں کو ہسپتال کے قریب اور ہاؤسنگ کالونی سے آنیوالی خواتین اور دیگر افراد کو بتی چوک سے ٹرن لینے میں انتہائی تکلیف دہ صورت حال کا سامنا ہے، ضلعی انتظامیہ شہریوں کو سہولتیں دینے کی بجائے ان کیلئے نت نئی مشکلات پیدا کررہی ہے جس کا وزیر اعلیٰ پنجاب نوٹس لیں۔