لاہور(اکنامک رپورٹر) عوامی تحریک کے قائد علامہ طاہر القادری نے تحریک انصاف کے 2نومبر کے دھرنے میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انھوں نے کہا ہےکہ ان کی کچھ کمٹ منٹس اور انٹرنیشنل مصروفیات ہیں اورفی الحال ان کے پاکستان آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ عوامی تحریک کے مرکز میں رابطہ پر ان کے ترجمان نے بتایا کہ آنے والے دو سے تین دنوں کے دوران علامہ طاہر القادری برطانیہ میں ہوں گے اور وہاں سے وہ دوبارہ مراکو جائیں گے اور ان کا بیرونی ملکوں کے دوروں کا موجودہ شیڈول 4نومبرتک کا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اگرچہ علامہ طاہر القادری 4نومبر تک اپنے شیڈول کے تحت بیرون ملک مصروف میں تاہم پاکستان میں اگر کوئی ہنگامی حالات ان کی فوری واپسی کے متقاضی ہوئے تو ان کی فوری واپسی ناممکنات میں سے نہیں۔ دریں اثنا عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ علامہ طاہر القادری 27 یا 28 نومبر کو پاکستان آنے کا فیصلہ کریں گے، تحریک انصاف کے دھرنے میں دفاع پاکستان کونسل کی شرکت کے امکانات ففٹی، ففٹی ہیں۔