جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد دھرنے پر عمران خان نے انہیں اعتماد میں نہیں لیا، 30 اکتوبر کو جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پاکستان بچاؤ، کرپشن مکاؤ مارچ ہوگا۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران سراج الحق نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا عمران خان کی اپنی پارٹی کا پروگرام ہے،حکومت اداروں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔
انہوں نے حکومت اور پارلیمنٹ کی مدت 4سال کرنےکی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بڑی جمہوریتوں میں حکومتوں کی مدت 4سال ہوتی ہے۔
امیرجماعتِ اسلامی کہتےہیں کہ انتشار اور افراتفری کی سیاست کا دوردورہ ہے، موجودہ نظام میں صرف بڑوں کےہی وارے نیارے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان بچاؤ، کرپشن مکاؤ مارچ میں ظالموں کے مقابلے میں مظلوموں کو اکٹھا کیا جائے گا، حکمران طبقہ کل بھی اقتدار پر قابض تھااور آج بھی ہے۔
امیرجماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ کرپٹ اشرافیہ کوقانون کے کٹہرے میں لائے بغیر عام آدمی کے حالات نہیں بدلے جا سکتے۔