کراچی (ا سٹاف رپورٹر) ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں مشکلات میں گھری ہوئی قومی ہاکی ٹیم کو اعزاز کے دفاع میں سخت مشکلات کا سامنا ہے، قومی ہاکی ٹیم کے وکٹری اسٹینڈ پر آنے کا فیصلہ جمعرات کو مضبوط حریف چین کے خلاف میچ سے ہوگا جس میں شکست کی صورت میں قومی ہاکی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کا راستہ بند ہوجائے گا اور اسے پوزیشن کی میچوں پر اکتفا کرنا پڑے گا۔ ملائیشیا کے شہر کوانٹن میںجاری ایونٹ میں گرین شرٹس ٹیم نے اب تک چار میچز کھیلے، دو جیتے اور دو ہارے ہیں ۔ چین نے اب تک چار میچز کھیل رکھے ہیں، ایک جیتا اور تین میں اسے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعرات کو دوسرے میچ میں ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بدھ کو اس اہم میچ کے لئے دوسیشن میں پریکٹس کی، اور اپنی خامیوں کا بھر پور انداز میں جائزہ لیا۔ کھلاڑیوں نےاس ٹورنامنٹ میں بھی گول کے مواقع ضائع کرنے کی روش کو برقرار رکھا۔ٹیم کے منیجر حنیف خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے لئے چین کے سامنے میچ مشکل ہے ، کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ کسی دبائو کے بغیر میدان میں جائیں اور جیت کی کوشش کریں، چین کی ٹیم آسان نہیں ہے ، ایشیا میں اس ٹیم کا معیاربہت اچھا ہے جس کے خلاف ہمیں کام یابی کے لئے زیادہ محنت کرنا ہوگی۔