گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)گوجرانوالہ ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں نے انتخابی نشان الاٹ ہونے کے بعد سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ امیدوار چیئرمینوں سے برائے راست رابطے کرکے ووٹ مانگ رہے ہیں جبکہ ارکان اسمبلی بھی اپنے گروپوں کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے متحرک ہیں۔ ضلع کونسل میں حکمران جماعت نے مخصوص نشستوں کا الیکشن اوپن چھوڑا ہے جس کی وجہ سے ارکان اسمبلی کے مختلف گروپ اپنے اپنے حامی امیدواروں کی کامیابی کیلئے متحرک ہیں۔چیئرمین ضلع کونسل کے امیدوار امتیاز باگڑی‘ مظہر ناہرا اور رانا عامر نذیر گروپ اپنے نامزد کردہ امیدواروں کیلئے جوڑ توڑ کررہے ہیں۔ دوسری طرف میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ میں 24مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں نے جوڑ توڑ شروع کر دیئے ہیں۔ نامزد میئر شیخ ثروت اکرام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں 43چیئرمینوں کی حمایت حاصل ہے اور مخصوص نشستوں پر غلام دستگیر خان گروپ کے نامزد امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے جبکہ آزاد گروپ بھی جوڑ توڑ میں مصروف ہے۔