عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اعلان کیا ہے کہ 28اکتوبر کو (کل) دفعہ 144کے راول پنڈی میں 144ٹکڑے کردیں گے، اسلام آباد ہی نہیں راول پنڈی بھی بند ہوگا، جس کو جو کرنا ہے کرلے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے حالات خراب کیے تو پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری پاکستان آ جائیں گے۔
انہوں نے آصف زرداری، خورشید شاہ، اسفندیار ولی، محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان پر بھی شدید تنقید کی۔
ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ نہ تو فوج آئے، نہ ہی مارشل لاء لگے، اگر ہمیں گرفتار کیا تو پورے پاکستان کا لاک ڈاؤن کریں گے۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ 2 نومبر کے احتجاج میں آنے والے 7 روز کا راشن لے کر آئیں،7 دن اسکول بند رہیں تو سمجھیں چھٹیاں ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کا ابھی پاکستان آنے کا ارادہ نہیں، لیکن اگر حکومت نے حالات خراب کیے تو طاہر القادری آ جائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اگر انہیں لال حویلی سے نکالا گیا تو پھر شاید کسی مسجد میں ٹھکانہ ہوگا، انہوں نے اپوزیشن لیڈرز پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگرخورشید شاہ، محمود اچکزئی اوراسفندیارولی اپوزیشن ہیں تو لعنت ایسی اپوزیشن پر،یہ کیسی ناکام حکومت ہے جسے پش اپ سے بھی کاکول کی بو آتی ہے۔