• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی جی پی او میں ڈیڑھ کروڑ کا فراڈ، ہیڈ خزانچی روپوش

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی جی پی او میں ڈیڑھ کروڑ روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔جس کے بعد سے ہیڈ خزانچی روپوش ہوگیا ہے۔یونس قریشی نوپ یونین کا مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزربھی تھا۔پوسٹ ماسٹر جنرل (پی ایم جی)شمالی پنجاب سرکل عبدالسمیع خان نے فراڈ کی تصدیق کی ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان پوسٹ حکام کو خزانے کے حوالے سے شکایات موصول ہورہی تھیں۔جس پر گزشتہ رات اعلی پوسٹل حکام نے جی پی او میں قائم خزانے پر چھاپہ ماراتو یونس قریشی موقع سے غائب ہوگیا تھا۔جس کے بعد حکام نے خزانے کو سیل کردیا۔جمعرات کی صبح بھی یونس قریشی آفس نہیں آیا۔جس کے بعد گھر ملازمین بھجوائے گئے تو گھر والوں نے خزانے کی چابیاں دیں۔جس کے بعدرقوم کی گنتی کی گئی تو ڈیڑھ کروڑ روپے کم پائے گئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فراڈ کی رقم اس سے زیادہ ہوسکتی ہے۔کروڑوں روپے کی رکھوالی یونس قریشی کےذمہ تھی۔خزانے کا دوروازہ دو چابیوں سے کھلتا تھا ایک چابی یونس قریشی اور دوسری سینئر پوسٹ ماسٹر کے پاس ہوتی تھی۔فراڈ اور یونس قریشی کے روپوش ہونے نے پوسٹل اانتظامیہ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔پی ایم جی نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔جبکہ ایک انکوائری ٹیم ڈی جی آفس سے بھی راولپنڈی آئی ہے۔جس کے بعد مزید انکشافات کا امکان ہے۔
تازہ ترین