اسلام آباد (شکیل انجم) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی، نعیم الحق اور پارٹی کے چند دیگر نمایاں رہنمائوں کو جمعرات کی رات دیر سے نظر بند کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ حکومت نے عمران خان اور شیخ رشید کی تحریک کو دبانے اور ان کے منصوبے سے نمٹنے کیلئے یہ اقدام کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جمعہ کو پارٹی کی مکمل قیادت کو غیر اعلانیہ طور پر نظر بند کر دیا جائے گا جبکہ اسلام آباد پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی بھاری نفری عمران خان کی بنی گالہ کی رہائش گاہ پر تعینات کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان، پی ٹی آئی کی قیادت اور شیخ رشید کو لال حویلی کے احتجاج میں شرکت کرنے نہیں دی جائے گی اور حکومت نے اپنی حکمت عملی طور پر پیرا ملٹری فورسز کی بھاری نفری کو مقامی پولیس کی معاونت کیلئے طلب کرلیا ہے۔