لاہور(نمائندہ جنگ)چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ شیخ رشید احمدایڈمنسٹریٹر کی عدالت کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے اپنا ناجائز قبضہ ختم کر دیں۔شیخ رشید احمد اگر زیر قبضہ پراپرٹی اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں تو15کروڑ روپے متروکہ وقف املاک بورڈ کے بینک اکائونٹ میں جمع کروائیں تاکہ یہ پراپرٹی قانون کے مطابق انکے نام منتقل کی جاسکے ۔ قبضہ مشرف دور میں بورڈ کے کرایہ داروں کو جبری بے دخل کر کے حاصل کیا گیا،شیخ رشید کے پاس اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے15دن کی مہلت موجو دہے۔شیخ رشید اگر بار بار التوانہ لیتے تو یہ فیصلہ 6ماہ پہلے ہو جاتا اس لیے وہ اپنی سیاسی دکان داری چمکانے کی بجائے قانون کا راستہ اختیار کریں ۔شیخ رشید نے یہ ناجائز قبضہ سابق صدر مشرف دور میں بورڈ کے کرایہ داروں کو جبری طور پربے دخل کر کے حاصل کیا ۔ یہ باتیں انہوں نے اپنی رہائش گاہ پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔