• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی اورعوامی مسلم لیگ کا احتجاج راولپنڈی میں4دن کا معصو م بچہ جاں بحق موت شیلنگ ‘دم گھٹنے سے ہوئی

راولپنڈی(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کی حکومت مخالف احتجاجی تحریک کو پہلی شہادت مل گئی‘ پولیس کی شیلنگ سے دم گھٹنے کے باعث 4 روز کا معصوم شیرخواربچہ خالق حقیقی سے جا ملا‘ڈاکٹرکے مطابق آنسوگیس کی شیلنگ کے باعث دم گھٹنے سے بچے کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ بچے کی والدہ نے سوال کیا کہ کرسی کی خاطرجان کیوں لیتے ہو۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس دوران مین مری روڈ پر کمیٹی چوک کا علاقہ پورا دن میدان جنگ بنا رہا۔ پورا دن پولیس اور مظاہرین میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا اور پولیس کی جانب سے مظاہرین پر تشدد کیا گیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی ۔ مظاہرین پولیس کو دیکھ کر گلیوں میں گھستے رہے اور پولیس نے گلیوں میں داخل ہو کر ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے باعث کمیٹی چوک سے ملحقہ گلی کے رہائشی کا 4 دن کا معصوم بچہ دم گھٹنے کے باعث خالق حقیقی سے جا ملا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر بلال نے بتایا کہ آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث بچے کو سانس لینے میں دشواری ہوئی جو اس کی موت کا سبب بنی۔دوسری جانب جاں بحق بچے کی والدہ نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کرسی کی خاطرجان کیوں لیتے ہو،ہمارے ساتھ تمہاری کیادشمنی ہے ؟میرابیٹاچھوٹاتھاجوآنسوگیس برداشت نہ کرسکااس موقع پربچے کے والدنے کہاکہ میں مغرب کی نمازپڑھ کرواپس گھرآیاتوپولیس کی شدیدشیلنگ کی وجہ سے پورے علاقے میں آنسوگیس بھرجانے کی وجہ سے ہم سب کے دم گھٹنے لگے ۔انہوںنے کہاکہ میرا 3 دن کابچہ آنسوگیس کی شدت برداشت نہ کرسکااورجاں بحق ہوگیا۔نمائندہ جنگ کے مطابق بچے کے چچا قمر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ عشاء کے وقت آنسو گیس کی شدید بو پر ہم گھروں میں بند تھے‘اسی دوران ساتھ والے گھر میں میرے بھائی طاہر خان نے بلایا اور بتایا کہ نومولود کی حالت بگڑ رہی ہےجسے ہم گاڑی میں لے کر مری روڈ پہنچے تو کنٹینرز کے باعث وہاں سے رکشے میں لیکر بے نظیر اسپتال گئے جہاں ڈاکٹروں نے چیک کرکے بتایا کہ اس کی دم گھٹنے سے موت واقع ہوچکی ہے‘دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کے ترجمان اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بے نظیر اسپتال راولپنڈی ڈاکٹر آصف قادر میر نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں آنسو گیس کی شیلنگ بچے کی موت کا باعث نہیں بنی ،انہوں نے واضح کیا کہ بچے کو سانس کی تکلیف صبح سے تھی جسے شام سو اچھ بجے اسپتال لایا گیا اس وقت تک بچے کی موت واقع ہو چکی تھی۔ہسپتال میں ڈاکٹر نے آنسو گیس کے باعث دم گھٹنے کو موت کی وجہ قرار نہیں دیا۔ ترجمان نے کہا کہ بچے کی رہائش گا ہ گارڈن کالج کے علاقے میں ایک محلے میں تھی جو آنسو گیس کی زد میں نہیں تھا ۔انہوں نے کہا کہ بچے کےجاں بحق ہونے کے واقعہ کو زبردستی آنسو گیس کی شیلنگ سے جوڑا جا رہا ہے جس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔ادھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دم گھٹنے سے بچے کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کو اس کا ذمہ دار قراردیا ہے۔
تازہ ترین