کراچی (محمد ناصر) امریکا کے خوبصورت مقامات پر شوٹ ہونے والی ہاشم ندیم کے عالمی شہرت یافتہ ناول پر مبنی ”جیو ٹی وی“ کی میگا سیریل ”خدا اور محبت“ کا ہفتے کو شاندار آغاز ہورہا ہے۔ ڈرامہ سیریل کی پہلی قسط رات 8 بجے نشر کی جائے گی۔ اِس سیریل میں خوبصورت نوجوان اداکار عمران عباس لیڈ رول ادا کررہے ہیں اِن کے ساتھ معصوم اداؤں والی سعدیہ خان ہیں۔ کبریٰ خان کو بھی ناظرین امریکا میں دیکھ سکیں گے۔ بابر جاوید کی پیشکش اور سید علی رضا (اُسامہ) کی ہدایت میں بننے والی ڈرامہ سیریل ”جیو ٹی وی “ کے اثاثوں میں ایک اور اضافہ ہوگا۔ رائٹر ہاشم ندیم کا کہنا ہے کہ اس بار پورا ڈرامہ پیش کیا جارہا ہے جوکہ پہلے آدھا شوٹ کیا گیا تھا۔ اب جیو نے پہلے والے حصے کو بھی ری شوٹ کیا ہے جبکہ دوسرا حصہ امریکا میں شوٹ ہوا ہے اور یقینا لوگوں کیلئے اس بار ڈرامے میں دلچسپی کا زیادہ سامان رکھا گیا ہے۔ عمران عباس کا کہنا تھا کہ یہ واحد سیریل ہے جو میرے پورے کیریئر میں میرے دِل کے بہت زیادہ قریب ہے۔ اس ڈرامے کی گونج نا صرف پاکستان بلکہ بیرونی دُنیا میں بھی ہے، اس سیریل نے مجھ پہچان دی ہے۔ سعدیہ خان کا موقف تھا کہ اس ڈرامے کی بے حد پذیرائی ہوئی تھی اور مجھے اس کی توقع نہیں تھی۔ ڈرامہ سیریل میں تمام لوگ ایک ٹیم اور فیملی کی طرح تھے اور وقت بہت اچھا گزرا۔ کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ یہ میرا پسندیدہ ڈرامہ ہے۔ پورا سیٹ ، پوری ٹیم شاندار تھی اور ہم نے اس کیلئے بہت محنت کی ہے۔ ”خدا اور محبت“ میں جان ریمبو (افضل) بھی اپنی منفرد اور دلچسپ اداکاری سے لوگوں کو قہقہے لگانے اور مُسکرانے پر مجبور کردیں گے جبکہ ڈرامہ انڈسٹری کے بہت سینئر اداکار فردوس جمال اور عثمان پیرزادہ بھی اپنے کیریئر کا نچوڑ جاندار اداکاری کے ذریعے اس ڈرامے میں شامل کررہے ہیں، یہی نہیں بلکہ مختلف فنکاروں کی پہلے سے بھی زیادہ جاندار ڈائیلاگ اور جذباتی اداکاری اس سیریل میں نظر آئے گی جس سے ناظرین خوب محظوظ ہوں گے۔ سیریل کے پروموز اور ٹائٹل گیت نے پہلے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے جس کا اظہار اب تک لوگ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کررہے ہیں۔ عشق اور محبت کی لازوال کہانی میں جو دیگر آرٹسٹ نظر آئیں گے اُن میں صبا فیصل، ہمایوں اشرف، شزرے حسین، حفظہ راشد، نومی شیخ اور دیگر بھی شامل ہیں۔