• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت اور اپوزیشن کی کرپشن  کیخلاف تحریک چلائیں گے، سراج الحق

 لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراطلاعات پرویز رشید کا استعفیٰ گہرے غور و فکر کا متقاضی ہے۔اتنے سنگین الزام پر پرویز رشید کو وزارت سے ہٹانا کوئی سزا نہیں ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کی کرپشن  کیخلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے، اقتدار میں آ کر سب چور لٹیرے جیل میں ڈالیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وحدت روڈ کرکٹ گرائونڈ لاہور میں جاری جماعت اسلامی پنجاب کے اجتماع  ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ،امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد،نائب امراءجماعت اسلامی پاکستان فریداحمد پراچہ،اسداللہ بھٹو،پروفیسر محمدابراہیم،احمد بلال محبوب ،ابوسفیان اصلاح، سید وسیم اختر،بلال قدرت بٹ،شیخ عثمان فاروق ودیگرمقررین نے خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا  کہ چور کا احتساب چور اور شرابی کا احتساب شرابی کیسے کریگا، ملک میں 300 خاندانوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی بنا رکھی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ  چار سیاسی پارٹیوں کے انتخابات ہوئے جن میں سب بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت کے نام پر اتنا بڑا فراڈ دیکھ کر عوام کو سمجھ جانا چاہیے کہ جن پارٹیوں  کے اپنے اندر جمہوریت نہیں وہ ملک میں جمہوری نظام کیسے آنے دیں گے۔الیکشن کمیشن پارٹیوں کے انتخابات بھی اپنی نگرانی میں کرائے اور انہیں پارٹیوں کو الیکشن میں حصہ لینے دیا جائے جو الیکشن کمیشن کی نگرانی میں اپنے اندر انتخابی عمل مکمل کریں۔ حکومت اور اپوزیشن میں موجود لٹیروں اور قرضے معاف کرانے والوں کی لسٹیں موجود ہیں ان میں سے کسی ایک کو بھی نہیں چھوڑیں گے، سب کو احتساب کے کٹہرے میں لائیں گے اور اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر اڈیالہ جیل میں بند کرینگے۔70سال سے قوم کا خون چوسنے والی عالمی اسٹیبلشمنٹ کی جونکوں نے جتنا خون چوسنا تھا چوس چکیں اب عوام انہیں برداشت نہیں کرینگے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک میں نظام مصطفےٰ کے نفاذ کیلئے عوام متحد ہو جائیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اگر قوم عزت سے زندگی گزارنا چاہتی ہے تو عزت صرف شریعت کے نظام میں ہے۔70سال تک عوام نے ان لوگوں کو سر پر بٹھائے رکھا جو قومی مفادات کی بجائے امریکی مفادات اور عالمی سامراج کے ایجنڈے پر کار بند رہے۔ انہوںنے کہاکہ کرپشن کےخلاف شور مچانے اور غل غپاڑے کرنے والوں کے اپنے نام بھی آف شور کمپنیوں کے مالکان کی لسٹ میں ہیں۔ یہ حکومت  کرپشن کے نہیں عوام کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار میں آ کر  چوروں اور لٹیروں  کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ کھربوں روپے لوٹنے والوں نے عوام کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ عام آدمی تعلیم، صحت، روز گار اور چھت سے محروم ہے۔ مزدور دن بھر خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود بھوکا سوتا ہے اور اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے مگرمچھ ان کے خون پسینے کی کمائی لوٹ کر بیرونی بینکوں میں موجود اپنے اکائونٹس میں منتقل کر رہےہیں۔ جس پارلیمنٹ کے ماتھے پر کلمہ طیبہ لکھا ہوا ہے لیکن ملک میں انگریز کا قانون ابھی تک چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔پنجاب کے لوگوں کو اٹھنا ہوگا اور ظالموں کو پہچاننا اور ان کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کرپشن کے خلاف ہیں، چور کا احتساب چور اور شرابی کا احتسا ب شرابی کیسے کرے گا،اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کرپشن کرنے والے اور آف شور بنانے والے سیاستدانوں کے ملک گیر تحریک چلائی جائے۔ کرپشن کیخلاف شوروغل وہ کر رہے ہیں جو خود بھی کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں پاناما لیکس میں ان کے نام ہیں اور اربوں روپے قرض بھی ٹرپ کرچکے ہیں یہ لوگ حکومت اور اپوزیشن دونوں میں موجود ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جن ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہونی چاہئیں انہوں نے اپنی گاڑیوں پر پاکستانی کا قومی پرچم لگا رکھا ہے۔دریں اثنا جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید کے استعفے پر تبصرہ کرے ہوئے کہا ہے کہ وزیراطلاعات پرویز رشید کا استعفیٰ گہرے غور و فکر کا متقاضی ہے۔اتنے سنگین الزام پر پرویز رشید کو وزارت سے ہٹانا کوئی سزا نہیں ہے،پرویز رشید کے خلاف قانونی کاروائی ہونی چاہیے۔ سراج الحق نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس سلسلے میں عوام کو اعتماد میں لے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتاہے کہ اقتدار کے ایوانوں میں کتنے غیر ذمہ دار لوگ بیٹھے ہیں۔ حکومت کو اپنے معاملات کا خود احتسابی کی نظر سے جائزہ لینا چاہیے۔   اجتماع کے دوران ملکی سیاسی صورتحال،امن وامان اور تعلیم کے حوالے سے قراردادیں منظور کی گئیں ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جمات اسلامی آئین وجمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو ملک و قوم کو مایوسی کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔عوام نے سب کو آزمالیا۔اب جماعت اسلامی، پاکستان کے عوام کو مسائل سے نکالے گی۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے  کہاکہ آئندہ انتخابات 2018ءکے لیے پلاننگ کرلی ہے۔انشاءاللہ 2018ءمیں ملک کے دیگر حصوں کی طرح پنجاب کے عوام بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کریں گے۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ پاکستان،بھارت سری لنکا،بنگلہ دیش ،بھارت اور جموں کشمیر میں جماعت اسلامی کے 2کروڑ سے زائد افراد موجود ہیں۔جب کرپشن کی بات ہوتی ہے تو اللہ کا شکر ہے کہ جماعت اسلامی کے کسی ایک بندے کانام نہیں آتا۔ناظم اجتماع وامیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ اجتماع ارکان اسلامی انقلاب کا ذریعہ بنے گا۔آج  30اکتوبر کو11بجے دن بھیکے وال موڑ وحدت روڈ پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ایک عظیم الشان کرپشن مکائو پاکستان بچائو مارچ کریں گے۔    جماعت اسلامی پنجاب کے سالانہ اجتماع کے دوسرے روزکے مختلف سیشنز میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ،امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد، فریداحمد پراچہ،اسداللہ بھٹو،ڈاکٹر سید وسیم اختر ودیگرنے خطاب کیا۔ اجتماع کے دوران ملکی سیاسی صورتحال،امن وامان اور تعلیم کے حوالے سے قراردادیں منظور کی گئیں ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جمات اسلامی آئین وجمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو ملک و قوم کو مایوسی کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔عوام نے سب کو آزمالیا۔اب جماعت اسلامی، پاکستان کے عوام کو مسائل سے نکالے گی۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے  کہاکہ آئندہ انتخابات 2018ءکے لیے پلاننگ کرلی ہے۔انشاءاللہ 2018ءمیں ملک کے دیگر حصوں کی طرح پنجاب کے عوام بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کریں گے۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ پاکستان،بھارت سری لنکا،بنگلہ دیش ،بھارت اور جموں کشمیر میں جماعت اسلامی کے 2کروڑ سے زائد افراد موجود ہیں۔جب کرپشن کی بات ہوتی ہے تو اللہ کا شکر ہے کہ جماعت اسلامی کے کسی ایک بندے کانام نہیں آتا۔ناظم اجتماع وامیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ اجتماع ارکان اسلامی انقلاب کا ذریعہ بنے گا۔اس ملک میں حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے۔آج  30اکتوبر کو11بجے دن بھیکے وال موڑ وحدت روڈ پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ایک عظیم الشان کرپشن مکاؤ پاکستان بچاؤ مارچ کریں گے۔   
تازہ ترین