• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرصحت کی مردان آمد،ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف اور کیمسٹ برادری کے مظاہرے

مردان ( نمائندہ جنگ ) وزیرصحت کے مردان میڈیکل کمپلیکس کے دورے کے موقع پر ہاؤس جاب ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف اور کیمسٹ برادری نے اپنے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہر ہ اور شٹرڈاؤن ہڑتال کی، وزیرصحت نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ تفصیل کے مطابق صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی ہفتہ کے روز مردان میڈیکل کمپلیکس میں منعقدہ بورڈ آف گورنر کے اجلاس میں شرکت کے لئے آئے تو انہیں تین الگ الگ مظاہروں کا سامناکرنا پڑا۔ بی ڈی ایس کے ہاؤس جاب ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کے حل کے لئے مظاہرہ کیا تو درجہ چہارم کے ملازمین نے ایچ پی اے (ہیلتھ پراونشل آلاؤنس) کے لئے آواز بلند کی ان ملازمین نے جگہ جگہ پلے کارڈ لگارکھے تھے جن پر مطالبات کے حل کے لئے نعرے درج تھے۔ ایم ایم سی کے سامنے کیمسٹ برادری نے صدر رضوان اللہ اورجنرل سیکرٹری واجد علی خان کی قیادت میں اپنی دکانیں صبح ہی سے احتجاجاً بندرکھی تھیں اور بعدازاں صوبائی وزیر صحت کے آمد پر مرکزی تنظیم تاجران کے صدر احسان باچا کی قیادت میں ریلی نکالی اور وزیرصحت کے سامنے اپنے مطالبات رکھے، ان کا کہناتھاکہ ہسپتال کے اندر پرائیوٹ فارمیسی شاپس کو بند کیاجائے جس کے باعث کیمسٹ برادری کو مسائل کا سامناہے وزیرصحت نے مظاہرین کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی جس پر وہ پرامن طورپر منتشر ہوگئے۔ دریں اثناء وزیرصحت نے بورڈ آف گورنر کے اجلاس کی صدارت کی اور ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں ،ڈاکٹروں کے تبادلوں اور دیگر درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی اوربعض مسائل کے حل کے موقع پر احکامات جاری کئے۔
تازہ ترین