امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ چند خاندانوں نے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے، آصف زرداری اور نواز شریف اپنی دولت واپس لے آئیں تو تمام ملکی قرضے ختم ہو جائیں۔
لاہور میں جماعت اسلامی کے اجتماع کے اختتام پر شرکاء نےکرپشن مٹاؤ پاکستان بچاؤمارچ کیا ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار پر قابض چند خاندا ن دولت لوٹ کر باہر لے جاتے ہیں ، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو کئی بار اقتدار ملا مگر قوم کی حالت نہیں بدلی۔
سراج الحق کاکہنا تھا کہ اسپتالوں میں ایک بیڈ پر چار چار مریض پڑے ہوتے ہیں مگر اورنج ٹرین پر162ارب خرچ کیے جارہے ہیں۔
حریت رہنماء سید علی گیلانی نے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، اقوام عالم کو اس پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ جماعت اسلامی کے اختتامی سیشن سے سید منور حسن اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔