لاہور(پرویز بشیر سے) سبکدوش ہونیوالے وفاقی وزیراطلاعات و سینیٹر پرویز رشید نے شیخ رشید کے جاری کردہ بیان کو خود ساختہ اور مفروضوں پر مبنی قرار دیا ہے۔ جنگ کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ شیخ رشید اندر کی کہانی جاننے کا دعویٰ کسی طرح اور کس بل بوتے پر کر رہے ہیں؟وہ کیسے کہہ رہے ہیں کہ مسلم لیگی وفد کےساتھ دو روز قبل آرمی چیف کی ملاقات خوشگوار نہ تھی اور یہ تلخ ،ترش اورگرم ترین ماحول میں ہوئی؟پرویز رشید نے کہا کہ شیخ رشید کو اس کا علم کیسے ہوا؟کیا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، اسحاق ڈار یا چودھری نثار میں سے کسی نے انہیں آگاہ کیا ہے؟یا شیخ رشید ہمارے ایجنٹ ہونے کا اعتراف کر رہے ہیں؟کیا ہم انہیں یہ معلومات فراہم کر رہے ہیں؟کس کس مسلم لیگی سے ان کا رابطہ ہے؟پھر انہوں نے یہ شعر پڑھا۔